Tuesday, December 3, 2013

شہید بی بی عوام کے دلوں پر راج کرتی ہیں، آمروں کی باقیات یہ رشتہ کبھی نہیں توڑ سکتے۔ ترجمان بلاول ہاؤس

http://mediacellppp.wordpress.com/
کراچی 3 دسمبر 2013: بلاو ل ہاؤس کے ترجمان اعجاز درانی نے اسلام آباد میں بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مرکزی دفتر کے سائن بورڈ سے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصویر کو کپڑا لگا کر چھپانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور انہوں نے اس شرمناک عمل کو پاکستان کے کروڑوں عوام، پیپلز پارٹی کے لاتعداد کارکنوں اور خصوصا ان لاکھوں گھرانوں کی دل آزاری قرار دیا ہے جنہیں BISPکے تحت ان کے اپنوں گھروں میں مالی امداد فراہم کی جارہی تھی۔ BISP کے سائن بورڈ سے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی تصویر کو چھپانے کے بعد ملک بھر کے عوام خصوصا سوشل میڈیا میں غم و غصے کی شدید لہر دوڑ گئی ہے۔ جس کی وجہ پوری پاکستانی قوم کی جگ ہنسائی ہورہی ہے۔ اعجاز درانی نے کہا کہ حکومت فوری طور پر پاکستانی قوم کے سامنے وضاحت پیش کرے کہ اس شرمناک عمل میں حکومت کا کونسا وزیر یا متعلقہ محکمے کو کونسا معتصب افسر شامل ہے۔ جس کے بعد حکومت فوری طور پر ان وفاق دشمن عناصر کے خلاف سخت کاروائی کرے۔ بصورت دیگر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان اس شرمناک حرکت پر سراپا احتجاج ہوجانے پر مجبور ہوجائینگے۔ اعجاز درانی نے یاد دہانی کروائی کہ پانچ سال قبل بھی جنرل ضیاء کی باقیات نے شہید بے نظیر بھٹو کی یادگار شہادت پر ان کی تصاویر کو نذر آتش کر کے بھٹو خاندان سے اپنی دیرینہ نفرت کا اظہار کیا تھا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ملک کے غریب، مظلوم اور محکوم عوام کے دلوں پر راج کرتی ہیں۔ ڈکٹیٹر ضیاء اور اس کی باقیات نے اپنے مختلف ادوار اور ڈکٹیٹر مشرف نے بھی اپنے اقتدار کے دوران ایسی شرمناک حرکات کے ذریعے عوام کے دلوں سے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو دور کرنے کی سازشیں کی لیکن وہ ہمیشہ شرمناک ناکامیوں سے دوچار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نواز حکومت اور ان کے حواریوں کی جانب سے BISP کے نام یا لوگو (Logo) میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کے خلاف سخت احتجاج کیا جائے گا۔ ترجمان نے وزیر اعظم نواز شریف سے معاملے کی فوری تحقیقات اور ملوث افراد کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔

No comments: